وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا کے عوام سمیت پوری قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کراچی میں پیش آنے والے طیارہ حادثے اور موجودہ کورونا صورتحال کے پیش عید الفطر انتہائی سادگی سے منائی جائے اور اس حادثے کے شہداء کی درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی خصوصی دعائیں کی جائیں ۔


عید الفطر کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے طیارہ گرنے کے دلخراش واقعے نے پوری قوم کو گہرے غم اور صدمے سے دوچار کیا ہے جس کے پیش نظر ہم سب کو چاہیے کہ ہم اس اندوہناک واقعے کے شہدا کی یاد میں اور غمزدہ خاندانوں کے غم میں شریک ہونے کے لئے عید الفطر انتہائی سادگی سے منائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کا تہوار اسلامی تہذیب اورروایات کی علامت ہے جوہمیں ایثار، ہمدردی، تقوی اور پرہیز گاری کے ساتھ ساتھ اپنے اردگرد مستحق لوگوں کا خیال رکھنے اور ان کے دکھ درد میں شریک ہونے کا درس دیتا ہے۔


وزیراعلیٰ نے عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر خود کو دوسروں کو کورونا وبا سے محفوط رکھنے کے لئے عید اپنے گھروں میں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے منائیں۔


اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اپنے اہل خانہ سے دورملکی سرحدوں کی رکھوالی پر مامور سکیورٹی فورسز اور ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی جانیں بچانے کے لئےفرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والےطبی عملے کو بھی عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here